واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے مشرق وسطیٰ کے اہم دورے پر آج اسرائیل پہنچ گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے ملاقات میں غزہ میں فوری جنگ بندی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کی رہائی اور ان کی فوری واپسی کی یقین دہانی کرائی۔
اسرائیلی صدر نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے امریکی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسرائیلی یرغمالی حماس کی قید سے آزاد ہو کر بحفاظت اپنے گھروں کو پہنچ جائیں گے۔
امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن نے کہا کہ ہمیں ان لوگوں پر بھی توجہ مرکوز کرنی ہو گی جو اس دو طرفہ جنگ کی وجہ سے مصائب اور بے گھر ہو رہے ہیں۔