جنوبی پنجاب میں بلیک بیری کی کاشت کا کامیاب تجربہ

بیری انگریزی زبان کا لفظ ہے ۔ بیری کے پودوں کی مختلف اقسام ہیں ۔ اور یہ شہتوت کی فیملی میں سے ہے ۔ بر صغیر پاک و ہند میں لونگ بیری جسے شہتوت کہا جاتا ہے کی بے شمار قسمیں ہیں اور صحت کے اعتبار سے اس کو مفید پھلوں میں شمار کیا جاتا ہے ۔ یورپ، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا ،افریقہ اور عرب ممالک میں شہتوت کی فیملی میں جھاڑی نما پودوں کے پھل کو زیادہ پسند کیا جاتا ہے اور یہ قیمتی ترین پھلوں میں شمار ہوتا ہے ۔ اس وقت دنیا میں بیری کی فیملی میں سے سب سے مشہور بلیک بیری تصور کیا جاتا ہے جبکہ اس کی دیگر اقسام میں بلیو بیری، ریڈ بیری ،سلور بیری، رس بیری، وائٹ بیری، مل بیری، شامل ہیں جبکہ لانگ بیریز میں اقسام کی بہتات ہے۔ جبکہ مشہور پھل اسٹرا بیری بھی اسی فیملی کی ممبر قسم ہے اسٹرا بیری کو بھی بے حد پسند کیا جاتا ہے ۔جنوبی پنجاب کی زرخیز تحصیلوں میں میلسی کو سبقت حاصل ہے اس کی زرخیز زمینیں اور محنتی کاشتکار بغیر کسی حکومتی مدد کے نت نئے تجربات کر کے میلسی کو سر بلند اور عالمی سطح پر پاکستان کو ایک زرخیز گرین پاکستان بنانے کی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے ۔ یہاں کا ترقی پسند کاشتکار تمام بڑی فصلوں اور ہمہ قسم سبزیات کے ساتھ ساتھ پھلوں کو تیار کرنے میں بھی ایک نمایاں مقام رکھتا ہے ۔جس کی واضح مثال بلیک بیری کی جنوبی پنجاب میں کاشت ہے ۔ شان فروٹ فارم میلسی کہ انتھک محنتی ترقی پسند کاشتکار چوھدری محمد اکرم، چوھدری محمد ارشد جنوبی پنجاب کے کاشت کاروں میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں ۔ انہوں نے تحصیل میلسی میں اپر پنجاب اور خیبر پختون خواہ کے مشہور پھل بلیک بیری کی کامیاب کاشت کر کے میلسی کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔ شان فروٹ فارم میلسی میں اعلی درجے اور بہترین نسلوں کے فروٹس جن میں آم، امرود، انار ،آڑو، کھجور، انگور ،لیموں، انجیر، تربوز، خربوزہ سمیت ٹنل فارمنگ کی سبزیات اور بڑی فصلوں میں کپاس کی کامیاب کاشت کر کے اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ فروٹ کی کوالٹی کو بہتر کرنے میں ان تھک کوشش کی ہے جو ان کی اور یہاں کے قابل محنتی کاشتکاروں کی کارکردگی کا عملی ثبوت ہے ۔ بلیک بیری چوڑے گہرے سبز پتے اور کانٹوں سے لبریز جھاڑی نما پودا ہے جیسا کہ گلاب کے پودے پر کانٹے ہوتے ہیں ۔ اس کے پھل کی چنائی ذرا مشکل ہوتی ہے اور ہاتھوں پر دستانے وغیرہ چڑھا کر اس کا پھل اتارا جاتا ہے ۔ اس کا پھل پھول آنے کے بعد ڈوڈی بننے تک سبز رنگ کا ہوتا ہے۔ پھر قدرےگلابی اور سرخ ہو جاتا ہے جبکہ پکنے کے مراحل میں یہ گہرا کالا رنگ اختیار کر لیتا ہے اسی لیے اسے بلیک بیری کہا جاتا ہے ۔ نئی تحقیق میں اب بلیک بیری کے بغیر کانٹوں کی ہائبرڈ اقسام کا تجربہ بھی کیا جا رہا ہے ۔ حکماء کے نزدیک طب میں اس پھل کی بہت زیادہ افادیت ہے خصوصا مادہ منویہ میں سپرم کو بڑھانے میں معاون کردار ادا کرتا ہے سپرم کی افزائش کو بڑھاتا ہے اور ایک رپورٹ کے مطابق اس پھل کا اصل جوہر ویاگرا بنانے میں بھی معاون کردار ادا کرتا ہے ۔ جسم میں خون کی کمی کو پورا کرتا ہے معدہ کو درست کرتا ہے چہرے کی رنگت نکھارتا ہے ۔کھانے میں خوش ذائقہ ہے۔ اور شیلف لائف کم ہونے کی وجہ سے کاشتکار اس کو دور دراز کی منڈیوں میں نہیں بھیج سکتا ۔ نہایت قیمتی پھل ہے اور مہنگے داموں فروخت ہوتا ہے ۔ دور دراز کی منڈیوں میں سپلائی کے لیے ایئر کنڈیشن کنٹینرز کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مقامی کسان کی حوصلہ افزائی کی جائے اور حکومت وقت اس قیمتی پھل کو کاشت کروانے اوراگر اس پھل کی ایکسپورٹ کی جائے تو ملک کے لیے قیمتی زر مبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ میلسی کا نام ملک بھر کی فروٹ اور ویجیٹیبل منڈیوں میں اپنی ایک پہچان رکھتا ہے ۔ ہم شان فروٹ فارم میلسی کے مالکان اور تحصیل میلسی کے تمام ترقی پسند کاشتکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ مہنگے زرعی لوازمات کے باوجود ملکی سطح پر میلسی کا نام روشن کیے ہوئے ہیں ۔