قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت کر نامکمل کام مکمل کرنا ہے۔
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے دوبارہ کھیلنے کا احساس حیرت انگیز ہے، ادھورے کام کو مکمل کرنا چاہتا ہوں
اور میرا مقصد پاکستان کے لیے ورلڈ کپ جیتنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم انتظامیہ نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے
اور میں ان کے اعتماد پر پورا اترنا چاہتا ہوں۔ میں چار سال بعد ٹیم میں واپس آیا ہوں اور جب آپ اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں تو جو احساس ہوتا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کی یادیں بہت خاص ہیں جو آج بھی مجھے جوش و خروش سے بھر دیتی ہیں، مجھے پہلی بار ٹیم میں منتخب کیا گیا اور میں چیمپئن ٹیم کا حصہ بنا،
جب میں راولپنڈی ایئرپورٹ پہنچا۔ گھر واپسی پر میرے استقبال کے لیے بہت سی گاڑیاں تھیں اور ان میں بیٹھے لوگ پھولوں کی پتیاں نچھاور کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ اب تک کھیل رہا ہوں، جب میں ٹیم میں شامل ہوا تو میں سب سے کم عمر تھا اور اب میرے پاس ورلڈ کپ جیتنے کا موقع ہے جو میرا اور ہماری ٹیم کا واحد ہدف ہے۔