پنجاب کے شہروں میں ہیٹ ویو الرٹ جاری

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آنے والے دنوں میں پنجاب کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے
جب کہ محکمہ موسمیات نے ایسے امکانات کو مسترد کر دیا ہے۔ لاہور شہر میں گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے،
سورج کی بڑھتی ہوئی شعاعوں کے باعث کم سے کم درجہ حرارت 24 اور زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،
جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد تک جا پہنچا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں میں گرمی کی لہر ہوسکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس نے گرمی کی لہر کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مئی کے مہینے میں ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں
تاہم گرمی 11 مئی تک برقرار رہے گی۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے ٹھنڈے مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔