گیس کے چولہے صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں، تحقیق

گھریلو گیس کے چولہے آپ کی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں اور اس کے نتیجے میں امریکہ میں ہر سال ہزاروں اموات ہوتی ہیں۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
سائنس ایڈوانسز جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ گیس کے چولہے والے گھروں کے مکین نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ سے بھرپور ہوا میں سانس لیتے ہیں۔
یہ گیس ہوا کو آلودہ کرکے انسانی صحت کو نقصان پہنچاتی ہے اور اس کے نتیجے میں طویل مدتی بنیادوں پر دمہ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق امریکہ میں ہر سال 19 ہزار افراد اس آلودگی کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔
تحقیق میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ چولہے قدرتی گیس سے جلتے ہیں اور اس گیس کو جلانے سے نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ اور کاربن مونو آکسائیڈ جیسی گیسیں فضا میں خارج ہوتی ہیں۔
طویل المدتی بنیادوں پر یہ آلودگی پھیپھڑوں کے افعال کی کارکردگی کو متاثر کرتی ہے اور سانس کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔