صدر اور وزیراعظم نے 9 مئی کے سانحہ کو ملکی تاریخ کا یوم سیاہ قرار دیا

صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سانحہ 9 مئی کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغامات میں گزشتہ سال کے پرتشدد واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ دن تھا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 9 مئی 2023 کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں تباہی مچائی اور سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔
صدر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے ملک کا امیج بری طرح داغدار کیا، انہوں نے مزید کہا کہ پرتشدد واقعات صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات کو پورا کرتے ہیں، جب کہ یہ حملہ ریاستی نظم، قانون کی حکمرانی اور اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش تھی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 9 مئی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اور دو نظریات کو الگ کرتا ہے، ریاست کے لیے سیاست قربان کرنے والے اور سیاست کے لیے ریاست پر حملہ کرنے والے الگ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایک طرف مادر وطن کے لیے خون بہانے والے ملک کے عظیم سپوت ہیں تو دوسری طرف نفرت کی آگ میں جلتے ہوئے ایسے کردار ہیں جنہیں نہ ملکی مفاد کی فکر ہے اور نہ ہی کسی کی ۔