نائب وزیراعظم اسحاق ڈار 13 مئی سے چین کے 4 روزہ دورے پر جائیں گے

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار 13 سے 16 مئی تک عوامی جمہوریہ چین کے دارالحکومت بیجنگ کا 4 روزہ دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اپنے دورے کے دوران چینی وزیر خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے فارن افیئر کمیشن کے جنرل آفس کے ڈائریکٹر وانگ یی کے ساتھ پانچویں پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی شریک صدارت کریں گے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ اس موقع پر فریقین پاک چین دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیں گے جن میں اقتصادی اور تجارتی تعاون، اعلیٰ سطح کے تبادلے اور دوروں چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اپ گریڈیشن اور مستقبل میں مواصلاتی اقدامات شامل ہیں۔
دونوں رہنما علاقائی جغرافیائی سیاسی منظر نامے اور کثیر الجہتی فورمز پر دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔