وزیراعظم شہباز شریف نے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
اذلان شاہ کپ میں قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی جہاں اسے جاپان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور گرین شرٹس نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شاندار کارکردگی پر قومی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی وزیراعظم ہاؤس مدعو کیا ہے اور ذرائع کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کو 2 روز میں وزیراعظم ہاؤس بلایا جائے گا۔
دوسری جانب اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والی قومی ہاکی ٹیم لاہور پہنچ گئی۔
پرائم منسٹر یوتھ افیئرز کے چیئرمین رانا مشہود نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا جب کہ اولمپیئنز اور سرکاری افسران بھی کھلاڑیوں کے استقبال کے لیے موجود تھے۔