پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے فاسٹ بولر حارث رؤف کے ساتھ بدتمیزی کے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
فاسٹ بولر حارث رؤف کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ مداح سے لڑتے نظر آرہے ہیں۔
حارث رؤف نے واقعے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے اس معاملے کو سوشل میڈیا پر نہ لانے کا فیصلہ کیا تھا
لیکن اب جب ویڈیو منظر عام پر آئی ہے تو جب گھر والوں کی بات آئے گی تو جواب دینے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کروں گا۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حارث رؤف کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں،
ہمارے کھلاڑیوں کے خلاف ایسی کارروائیاں بالکل ناقابل قبول ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایسا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔چیئرمین پی سی بی نے مطالبہ کیا کہ ملوث افراد حارث رؤف سے فوری معافی مانگیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ معافی نہ مانگنے پر ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔