عمران خان کا پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سیاسی کشیدگی کم کرنے کا حکم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے اپنے سخت سیاسی موقف سے ایک قدم پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے سیاسی کشیدگی کم کرنے اور پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تعلقات استوار کرنے کا حکم دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت پارلیمنٹ کے باہر مختلف جماعتوں سے بات چیت کرے گی،
پارلیمنٹ میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت حکومتی اتحاد سے تعلقات بہتر کرے گی۔
ذرائع کے مطابق 3 رکنی کمیٹی کو کشیدگی کم کرنے اور اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات استوار کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اداروں سے بہتر تعلقات کے لیے بیک ڈور رابطوں میں مصروف ہیں۔
کشیدگی کم کرنے کے لیے پارٹی ریاست کے ساتھ سیاسی اور معاشی استحکام کے ایجنڈے پر کام کرے گی۔
ذرائع کے مطابق سینیٹ اور قومی اسمبلی کی کمیٹیوں سمیت مختلف امور پر بات چیت کو آگے بڑھایا جائے گا۔