عمران خان کی دھاندلی کی درخواست پر جلد سماعت کی اپیل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق سپریم کورٹ میں دائر درخواست کی جلد سماعت کی استدعا کردی۔
سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے بانی کی جانب سے وکیل حامد خان کے ذریعے مبینہ انتخابی دھاندلی سے متعلق آئینی درخواست پر جلد سماعت کے لیے متفرق درخواست دائر کی گئی۔
متفرق درخواست میں پی ٹی آئی کے بانی نے انتخابی دھاندلی کی آئینی درخواست پر جلد سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 8 فروری کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کی درخواست زیر التوا ہے جس میں مفاد عامہ اور بنیادی حقوق کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔
نیب کیس کی سماعت کے دوران درخواست کی جلد سماعت کی استدعا کی گئی۔
متفرق درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آئینی درخواست پر سماعت کے لیے 25 جون کی تاریخ مقرر کی جائے۔