قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات سے سیکیورٹی صورتحال میں بہتری آئی، آصف علی زرداری

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کو بہتر بنانے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہو گا۔
گوادر میں بلوچستان کی سیکیورٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ریاستی صدر نے کہا کہ بلوچستان میں قابل پولیس افسران کی تعیناتی کرکے دہشت گردی سے موثر انداز میں لڑنے کے عمل کو بہتر بنایا جائے۔
اجلاس کے دوران صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں سے سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے،
صوبائی حکومت چینی اور غیر ملکیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف صوبائی حکومت کی کوششوں اور اس کے اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔
آصف زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کو سزا دینے کے لیے پراسیکیوشن سسٹم میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لواحقین کے معاوضے میں اضافہ کیا جائے اور اسے باقی صوبوں کے برابر لایا جائے۔
صدر نے بلوچستان کے لوگوں کو ہنر سکھانے اور ماہی گیری کی پائیدار ترقی پر بھی زور دیا۔