ملکی درآمدات کا حجم 5 ارب ڈالر کے قریب پہنچ گیا

آئی ایم ایف کی شرط پر درآمدی پالیسی میں نرمی کے باعث مئی میں ملکی درآمدات کا حجم 5 ارب ڈالر کے قریب پہنچ گیا۔
اسٹیٹ بینک نے امپورٹ ایکسپورٹ اور تجارتی خسارے کے اعدادوشمار جاری کر دیئے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کی ماہانہ درآمدات اوسطاً 4 ارب ڈالر سے بڑھ کر 5 ارب ڈالر ہوگئیں
، مئی میں پاکستان کا تجارتی خسارہ ایک فیصد بڑھ کر 2 ارب 100 ملین ڈالر ہوگیا۔
مئی میں پاکستان نے 4 ارب 95 کروڑ ڈالر کی اشیا درآمد کیں جب کہ اس عرصے کے دوران پاکستان سے 2 ارب 84 کروڑ ڈالر کی اشیا برآمد کی گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق مئی میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 29 فیصد اور درآمدات میں 15 فیصد اضافہ ہوا۔
رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں ملک کا تجارتی خسارہ اکیس ارب ستر کروڑ ڈالر رہا۔
11 ماہ میں درآمدات 49 ارب 85 کروڑ ڈالر اور برآمدات 28 ارب 11 کروڑ ڈالر رہیں۔
بینکنگ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی ہدایات پر پاکستان اپنی درآمدی پالیسی میں بتدریج نرمی کر رہا ہے۔