ملک بھر میں 15 جون تک موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق 15 جون تک ملک بھر میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں گرمی پڑنے کا امکان ہے جب کہ 15 جون تک ملک بھر میں موسم گرم رہ سکتا ہے۔
حکام کے مطابق آئندہ دو ہفتوں کے دوران طوفان یا بارش کی صورت میں بھی درجہ حرارت میں زیادہ فرق نہیں پڑے گا
جب کہ ایک ہفتے سے گرمی کی لپیٹ میں رہنے والے سندھ کے اضلاع کا درجہ حرارت 2 ڈگری تک گر گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پری مون سون سیزن جون کے دوسرے ہفتے سے شروع ہوگا جس کے باعث بالائی اور شمالی علاقوں میں بارشوں سے درجہ حرارت میں بھی کمی آئے گی۔
لاہور میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک جائے گا، اسلام آباد اور پشاور میں درجہ حرارت 44، کراچی میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔
بہاولپور، ڈی جی خان، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، نواب شاہ، سکھر اور حیدر آباد کے علاوہ سندھ اور پنجاب کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زیادہ رہے گا۔
اس دوران گلگت بلتستان، شمالی بلوچستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں آج بارش کا امکان ہے۔