نجی ایئرلائن کے طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ، گورنر سندھ بھی طیارے میں سوار تھے۔

کراچی سے اسلام آباد جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی سوار تھے۔
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نجی ایئرلائن کی پرواز میں سوار تھے جب کہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں 150 دیگر مسافر بھی سوار تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیک آف کے فوراً بعد طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جس کے بعد کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد پرواز منسوخ کردی گئی اور ایئرلائن انتظامیہ مسافروں کو اسلام آباد جانے والی دوسری پرواز کے بارے میں آگاہ کرے گی۔