اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے پارٹی بیانیے کے لیے مشاورت شروع کردی۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور جی بی کے دوروں سے قبل نیا بیانیہ چاہتے ہیں
جب کہ انہوں نے نئے بیانیے کے لیے سینئر رہنماؤں سے مشورے اور تجاویز مانگ لی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی تنظیم کے عہدیداروں میں تبدیلی کے لیے مشاورت جاری ہے،
مرکزی جنرل سیکرٹری کے لیے سعد رفیق اور خرم دستگیر سمیت کئی ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احسن اقبال کئی بار جنرل سیکرٹری کے عہدے سے دستبردار ہونے کی درخواست کر چکے ہیں
جب کہ حکومتی اور تنظیمی عہدوں کی علیحدگی کے لیے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب کے صدر کے عہدے کے لیے سعد رفیق اور حمزہ شہباز مضبوط امیدوار ہیں
جب کہ بلوچستان کے صدر کے عہدے کے لیے سردار فتح حسنی کے نام پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری کے لیے سعود مجید اور عبدالرحمان کانجو امیدوار ہیں،
امیر مقام کی جگہ مرتضیٰ جاوید عباسی کے پی کے ممکنہ صدر ہو سکتے ہیں۔