وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی بڑی عید پر عوام کی بڑی خدمت، عید کے تینوں روز ستھرا پنجاب مہم نے صوبہ بھر میں نیا ریکارڈ قائم کیا ۔حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ لودھراں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صاف و شفاف ماحول کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ۔ ضلعی انتظامیہ لودھراں کی فرض شناس نوجوان اورمحنتی قیادت ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر کی سربراہی میں ضلع بھر میں جامع و مربوط حکمت عملی کے تحت قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو روزانہ کی بنیاد پر حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بروقت ٹھکانے لگانے کو یقینی بنایا ۔ ڈپٹی کمشنر لودھراں عبدالرؤف مہر کے صفائی ستھرائی کے فول پروف انتظامات اور شاندار اقدام سے عوام بھر پور مستفید ہوئے ۔ ضلع بھر کی میونسپل کمیٹیز اور ضلع کونسل کے فعال کردار سے عید الاضحٰی کا صفائی آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیدہ آمنہ مودودی، اسسٹنٹ کمشنر لودھراں فرقان حشمت، اسسٹنٹ کمشنر کہروڑپکا غلام حسین اور اسسٹنٹ کمشنر دنیاپور سیف اللہ جاوید صفائی ستھرائی کے انتظامات کی نگرانی کے لیے مکمل متحرک نظر آئے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر نے تینوں تحصیلوں کے انتظامی افسران کو حتی الوسع فعال اور متحرک رکھا اور خود بھی عوامی خدمت میں مصروف رہے ۔ عیدالاضحیٰ کے دوران ضلع میں ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر نے فیلڈ میں نگرانی کے عمل کیلئے مکمل چوکس رہے ۔ انہوں نے تینوں تحصیلوں کے مختلف مقامات پر جاکرخود سینٹری ورکرز کے کاموں کی مانیٹرنگ انجام دی ۔ انہوں نے فیلڈ عملے کی کارکردگی کو سراہا اور سینٹری ورکرز کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔ ضلعی دفتر تعلقات عامہ لودھراں نے عید الاضحٰی کے ایام کے دوران صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات کے ایک ایک لمحہ سے پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے عوام کو باخبر رکھا ۔ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس لودھراں نے صفائی آپریشن پر مامور افسران اور متعلقہ سٹاف کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو میڈیا کے ذریعے عوام تک بہم پہنچانے کی ذمّہ داری باخوبی ادا کی ۔ ضلع بھرمیں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی اور قربانی کے جانور کی آلائشیں بروقت تلف کرنے کے حوالہ سے ضلعی انتظامیہ لودھراں کی شاندار کارکردگی کو عوامی حلقوں میں خوب سراہا گیا ۔عید الاضحی کے ایام کے دوران شہر میں صفائی ستھرائی کے بہترین معیار کو یقینی بنانے اور قربانی کے جانوروں کی باقیات کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے سینٹری ورکرز اور دیگر سینٹری سٹاف نے انتہائی دلجمعی اور محنت سے اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیں ۔اس سلسلہ میں 256 سے زائد افسران، سینیٹری انسپکٹرز ، ڈرائیورز اور سینیٹری ورکرز پرمشتمل ٹیمیں اپنی خوشیوں کو بلائے تاک رکھ کر عید قربان کے تینوں ایام میں تین شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔ سینٹری سٹاف نے عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران صفائی ستھرائی کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بہترین طریقے سے منتقل کرکے تلف کرنے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کام بلا تعطل جاری رکھا ۔عید الاضحی کے موقع پر ضلع بھر میں متعدد عید کیمپس لگائے گئے جہاں متعلقہ میونسپل کمیٹیوں کے سینیٹری انسپکٹرز کے علاوہ سینیٹری ورکرز عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت حاضر رہے اور عوام کے جانوروں کی آلائشوں کو منتقل کرنے کے لیے ماحول دوست بائیؤ ڈیگریڈیبل بیگز تقسیم کرتے رہے۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر نے بھی اپنے دورہ کے دوران ضلع کے مختلف علاقوں میں ماحول دوست بیگز تقسیم کیے ۔ضلعی انتظامیہ لودھراں کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے اعدادوشمار کے مطابق عید الاضحی کے تینوں ایام کے دوران عملہ صفائی نے مجموعی طور پر ضلع بھر سے 1387 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا۔ رپورٹ کے مطابق 17496 جانوروں کی آلائشیں و باقیات شہر سے باہر منتقل کی گئیں اور انہیں ماحولیاتی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دفنایا گیا جبکہ بعد ازاں آلائشوں سے پاک کیے گئے علاقوں میں چونا ڈالا گیا ، عرق گلاب والا پانی چھڑکا گیا اور پانی کے ساتھ ملا کر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں تاکہ علاقے کو تعفن اور غلاظت سے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ عیدالاضحیٰ 2024ء کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو اکھٹا کرنے اور بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے ضلع بھر کی میونسپل کمیٹیوں کے زیر انتظام عارضی کولیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ۔ کولیکشن پوائنٹس کا قیام صفائی آپریشن کے انتظامی امور کو فول پروف بنانے اور بہتر انداز میں خدمات کی انجام دہی میں ممدو معاون ثابت ہوا ۔ ضلع بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے 65 ویسٹ کلیکشن پوائنٹس بنائے گئے ۔ عیدالاضحی کے دوسرے روز کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے لودھراں کا دورہ کیا اور سینٹری ورکرز کی کارکردگی کی پڑتال کی ۔ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مرکزی ڈمپنگ سائٹ جندو موڑ کا جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ لودھراں کی کارکردگی کو سراہا ۔ عیدالاضحی صفائی پلان کے مطابق لودھراں شہر کو آبادی کے لحاظ سے 7 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ میونسپل کمیٹی لودھراں کی جانب سے مرکزی کولیکشن پوائنٹ اولڈ میونسپل اسٹیڈیم لودھراں میں قائم کیا گیا جبکہ شہر کی مرکزی ڈمپنگ سائٹ جندو موڑ لودھراں میں بنائی گئی۔ میونسپل کمیٹی لودھراں کی جانب سے بنائے گئے سیکٹر ون میں حسن والا، ریلوے روڈ، محلہ عید گاہ، وکلا کالونی اور پیر والا پھاٹک کے علاقے شامل کیے گئے اور سیکٹر ٹو میں تحصیل روڈ، لیاقت آباد کالونی، گنگے والا، محلہ سادات، عقب ضلع کونسل لودھراں کے علاقے رکھے گئے ۔سیکٹر ٹو میں محلہ کباڑیاں، الپائن سکول روڈ، محلہ قاسم والا، سی ائی اے سٹاف، مردہ خانہ روڈ، کہروڑپکا روڈ اور سپر چوک کے علاقے بھی شامل تھے جبکہ سیکٹر تھری میں سکول نمبر تین، نالے والی مسجد، مغل والا، قدوس آباد، گلاب پورہ، خواجہ چوک، قبول والا مدرسہ، سلاٹر ہاؤس، سرائے والی مسجد، محلہ دھوبی والا، شیخ تاری والا کے علاقے شامل تھے ۔ اسی طرح سیکٹر فور میں سٹیڈیم روڈ، مین بازار، سردار شاہ ٹاؤن، محلہ کھجی والا، لاری اڈا ،چشتی روڈ، عقب لودھراں پبلک سکول، بستی ٹبی، کھڈا ٹاؤن، ڈاکٹر ثمینہ ہسپتال روڈ ،جیون والا اور محلہ فیض آباد کے علاقے شامل کیے گئے اور سیکٹر فائیو میں یونس والا ،مدرسہ قاری ریاض، سپر چوک بہاولپور، عثمان کالونی، عقب گورمے بیکرز، محرم والا کے علاقے رکھے گئے ۔ اسی طرح سیکٹر سکس میں ڈی سی آفس روڈ، غلہ منڈی، فاروق ٹاؤن، بستی غیر، فیض آباد ،عیسی والا ،نواں کھو اور بی کالونی کے علاقے کیے گئے اور سیکٹر سیون میں ریلوے اسٹیشن، شورہ منڈی، پٹھان والا، محبت والا، ٹھاکر والا، فخر آباد اور جندو موڑ کے علاقے شامل تھے ۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ لودھراں نے عید قربان کے دوران صفائی ستھرائی کے حوالہ سے عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے ضلع بھر میں بھرپور انداز میں آگاہی مہم بھی چلائی ۔ آگاہی مہم کے دوران گھر گھر جا کرشہریوں میں فری بائیو ڈیگریڈایبل بیگز اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ ان پمفلٹس کے ذریعے تمام سپروائزری اور آپریشنل سٹاف کے موبائل نمبرز بھی فراہم کیے گئے تاکہ عوام کو سینٹری سٹاف تک با آسانی رسائی ممکن ہو سکے۔ضلع کی عوام نے عید قربان پر اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹیوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کیا۔ میونسپل کمیٹیوں نے عید سے قبل ہی گھر گھر ویسٹ بیگز فراہم کئے جن کے استعمال کو عوام نے یقینی بنایا اسطرح شہر جگہ جگہ گندگی، غلاظت اور تعفن پھیلنے سے محفوظ رہا اور ایسا صرف لودھراں کے باشعور عوام کے بھرپور تعاون سے ہی ممکن ہوسکا۔ اس سلسلہ میں ضلعی انتظامی افسران، آپریشنل ڈیپارٹمنٹ، سینیٹری انسپکٹرز اور خصوصی طور پر تمام سینٹری ورکرز کا کردار نمایاں رہا ۔ اسی طرح ضلع کونسل لودھراں اور میونسپل کمیٹیوں کی جانب سے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے میں سینٹری ورکرز کا کردار بہت شاندار رہا ۔اس اہم ذمہ داری کی ادائیگی کے لئے سینیٹری سٹاف نے اہم ترین فریضہ سرانجام دیا ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران مجموعی طور پر کل 121 شکایات موصول ہوئیں جن کا ایک گھنٹے کے ٹائم فریم کے دوران فوری ازالہ کر دیا گیا ۔ ضلع کی عوام نے عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات کرنے پر حکومت پنجاب کی کاوشوں کو خوب سراہا ۔ ضلعی انتظامیہ لودھراں کی جانب سے جانفشانی سے اپنے فرائض سر انجام دینے والے سینٹری ورکرز کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا جس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سینٹری ورکرز کو نقد انعامات اور عیدی دی گئی اور ان کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لودھراں عبدالرؤف مہر کی جانب سے سینٹری ورکرز کے خاندان والوں اور بچوں کی تفریح کے لیے چلڈرن پارک لودھراں میں ایک شام منانے کا اعلان کیا گیا ۔ جس میں سینٹری ورکرز کے بچے اور خاندان والے ہمہ قسم جھولے بلا معاوضہ انجوائے کریں گے ۔