پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں عمر ایوب نے کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
عمر ایوب نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے پی ٹی آئی کے بانی کو خط لکھا ہے اور استعفیٰ منظور کرنے پر وہ ان کے مشکور ہیں۔
عمر ایوب کی جانب سے پی ٹی آئی کے بانی کو لکھے گئے خط کی کاپی بھی شیئر کی گئی
جس کے مطابق انہوں نے یہ خط 22 جون کو لکھا تھا اور 27 جون کو ان کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا تھا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے جنرل سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دینے کا موقع ملنے پر مئی 2023 سے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دینا اعزاز کی بات ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ “میں بہت مشکور ہوں کہ آپ نے مجھ پر اعتماد کیا۔ میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے طور پر اپنے فرائض پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔”