وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے جامع اور موثر ایس او پیز بنائے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کی،
ملاقات میں پاک چین تعلقات کے فروغ اور چینی شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور چینی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین سے دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے جامع اور موثر ایس او پیز بنائے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کے لیے علیحدہ فورس ایس پی یو تشکیل دی جا رہی ہے۔ چینی بھائیوں کی حفاظت حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کسی چینی شہری کو نقصان نہ پہنچے۔