جدید زرعی تربیت کے لیے 1000 طلبہ کو سرکاری خرچ پر چین بھیجنے کا فیصلہ

بیجنگ: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سے 1000 طلباء کو زراعت کی جدید تربیت کے لیے چین کے ینگ لنگ ایگریکلچرل ڈیموسٹریشن بیس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف ان دنوں چین کے سرکاری دورے پر ہیں، انہوں نے چین کے شہر ژیان میں ینگلنگ ایگریکلچر ڈیموسٹریشن بیس کا دورہ کیا،
اس دوران انہوں نے ایسا کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی سفیر اور متعلقہ حکام کو چینی حکام کے ساتھ اس منصوبے کو حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے نارتھ ویسٹ ایگریکلچر اینڈ فاریسٹری یونیورسٹی کو پاکستان میں کیمپس کھولنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اس معاملے میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کو بیس کے مختلف حصوں اور پاکستان پویلین کا دورہ بھی کرایا گیا۔
پاکستان پویلین میں وزیراعظم کو پاکستانی مصنوعات بھی دکھائی گئیں۔
بریفنگ میں انہیں بتایا گیا کہ ینگلنگ ایگریکلچرل ڈیموسٹریشن بیس پر 26 ممالک زرعی تحقیق میں تعاون کرتے ہیں،
پاکستان پہلا ملک تھا جس نے ینگلنگ ایگریکلچرل ڈیموسٹریشن بیس پر تعاون شروع کیا۔