بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری حکومت کی ترجیح ہے۔
جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف سے جارجیا کے سابق وزیر اعظم نیکا گلوری کی قیادت میں غیر ملکی توانائی ماہرین کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان میں پاور سیکٹر میں اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ریوالونگ کریڈٹ، لائن لاسز اور بجلی کی چوری توانائی کے شعبے کے بڑے مسائل ہیں
اور توانائی اصلاحات معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ حکومت کی ترجیح ہے کہ وہ جارجیا کے پاور سیکٹر کی نجکاری اور آؤٹ سورسنگ کے تجربے کو ایک ایسی پالیسی پر کام کرنے کے لیے استعمال کرے جو بڑھتے ہوئے قرضوں، نجکاری اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی آؤٹ سورسنگ کو کم کرے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت مہنگے ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کی حوصلہ شکنی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت متبادل توانائی بالخصوص شمسی توانائی کے شعبے کو فروغ دینا چاہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے گا اور بجلی کے فی یونٹ نرخ میں کمی کے حوالے سے اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔