وعدہ کرتا ہوں کہ آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا آخری پروگرام ہو گا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا آخری پروگرام ہوگا۔
شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین پر ظلم ہو رہا ہے، غزہ میں 40 ہزار افراد شہید ہوئے،
کشمیریوں پر جو مظالم ڈھائے جا رہے ہیں وہ بے مثال ہیں، ہماری دعا ہے کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو ان کا حق ملے۔
ملک کی معاشی حالت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 2022 میں اقتدار سنبھالا اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، نواز شریف اور آصف زرداری کی رہنمائی میں کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان بتدریج معاشی مشکلات سے نکل کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ 8 فروری کے انتخابات کے بعد جب حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ہمارے اقدامات سے مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد،
قرضوں پر شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 20 فیصد ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ آج ہماری حکومت کے 100 دن مکمل ہوگئے، کل پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کردی گئی،
مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے کچھ ریلیف ملے گا۔