اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث ہے‘وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے غزہ پر اسرائیلی حملے مکمل بند کرنے کا مطالبہ کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کا احتساب کرے اور اسے انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) پلس سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث ہے، جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، 37 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے جبکہ 20 لاکھ فلسطینیوں کو اسرائیل نے بے گھر کردیا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ تنازعات سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔
شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کرے
تاکہ اس کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ افغان عوام کے مسائل کے حل کے لیے افغان عبوری حکومت سے بامعنی مذاکرات ہونے چاہئیں، ریاستی دہشت گردی کی کھل کر مذمت کی جانی چاہیے۔