پاکستان سے ہوائی مسافر حکومت کی طرف سے عائد ٹیکس ادا کیے بغیر اندرون اور بیرون ملک سفر نہیں کر سکیں گے۔
یکم جولائی 2024 کے بعد پاکستان یا بیرونی ممالک سے ہوائی ٹکٹ بک کروانے والے صارفین کو بھی ٹکٹ بکنگ کے وقت نئے ٹیکس کی شرح کے مطابق سفر سے پہلے اضافی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
اضافی ٹیکس کے بغیر ٹکٹ خریدنے والے مسافروں کو روانگی سے پہلے ہوائی اڈے پر ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
پاکستان میں ہوائی جہاز کی اکانومی کلاس میں ایک شہر سے دوسرے شہر جانے والے مسافر اب ہوائی سفر کے لیے 5000 روپے کی بجائے 12500 روپے ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔
یہ فیصلہ یکم جولائی سے نافذ العمل ہے۔ پاکستان سے باہر جانے والے مسافر اپنے اپنے علاقوں کے مطابق ٹیکس ادا کر کے ٹکٹ خرید رہے ہیں۔
پاکستان سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ممالک جانے والے فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس کے مسافروں کو اب ایک لاکھ پانچ ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔