وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے معاہدے سے ہمارے برادرانہ تعلقات کی مضبوطی میں اضافہ ہوگا۔
منگل کو وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان پہنچے جہاں تاجک صدر امام علی رحمان نے قصر ملت پر ان کا اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا
جب کہ وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے درمیان ملاقات بھی ہوئی
جس میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خارجہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم اور تاجک صدر نے دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک پارٹنرشپ کے معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے،
معاہدوں میں ہوا بازی، سفارت کاری، تعلیم، کھیل، سماجی تعلقات، صنعتی تعاون، سیاحت اور دیگر شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے تاجک صدر کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔