200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 4 سے 7 روپے فی یونٹ کا ریلیف ملے گا، شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 3 ماہ کے لیے خصوصی ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے کا اطلاق 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے محفوظ اور غیر محفوظ صارفین پر نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ غریب اور متوسط ​​طبقے کے ریلیف کے لیے 50 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے،
اس پیکیج کے تحت 94 فیصد گھریلو صارفین کو ریلیف دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ خصوصی ریلیف گرمی کے تین مہینوں جولائی، اگست اور ستمبر میں دیا جا رہا ہے،
اس فیصلے سے تقریباً 26 لاکھ بجلی صارفین کو فائدہ پہنچے گا اور مہنگائی میں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 4 سے 7 روپے فی یونٹ کا ریلیف ملے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اکتوبر میں موسم بہتر ہوا تو کھپت میں کمی آئے گی، ڈھائی کروڑ صارفین پر 50 ارب روپے خرچ ہوں گے،
کے الیکٹرک کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا، اس اعلان سے عوام کا جائز مطالبہ پورا ہو جائے گا۔