500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینل فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری

پنجاب میں 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینل فراہم کرنے کے منصوبے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کو سولر پینل فراہم کرنے کے لیے ‘روشن گھرانہ’ پروگرام کی منظوری کے لیے منگل کو کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے،
جس میں کابینہ سولر پینل فراہم کرنے کی اسکیم کی باضابطہ منظوری دے گی۔
پنجاب حکومت 50 سے 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے کروڑوں صارفین کو سولر سسٹم فراہم کرے گی۔
سولر پینلز کی قیمت کا 90 فیصد حکومت پنجاب ادا کرے گی جبکہ 10 فیصد صارف برداشت کرے گا
اور صارفین کو سولر پینل پانچ سال کی آسان اقساط میں فراہم کیے جائیں گے۔
صارف کی ضرورت کے مطابق سرکاری بجلی اور سولر پینل سے حاصل ہونے والی بجلی کے درمیان ریٹ طے کیا جا سکتا ہے۔
بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمت اور توانائی کے بحران کے پیش نظر ‘روشن گھرانہ’ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایک شفاف عمل کے تحت پہلے مرحلے میں غریب ترین خاندانوں کو سولر سسٹم دیا جائے گا۔
اس حوالے سے اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،
ماضی کی آفات کے اثرات سے عوام کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، پانچ سال بعد عوام کو موجودہ مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔