چک نمبر 165 ٹی ڈی اے ضلع لیہ کا رہائشی اللہ بخش 20 ہزار روپے ماہانہ کمانے والا ایک ڈاٹسن مزدہ کاڈرائیور تھا
لدھانہ (بیٹھک سپیشل/محمد ندیم قیصر) موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں بی ایل اے کی دہشتگرد کاروائی میں جاسوس یا فوجی قرار دے کر شہید ہونے والے بستی ملاں والا، لدھانا، چک نمبر 165 ٹی ڈی اے ضلع لیہ کا رہائشی اللہ بخش 20 ہزار روپے ماہانہ کمانے والا ایک ڈاٹسن مزدہ کاڈرائیور تھا۔روزنامہ بیٹھک نے جب 35 سالہ اللہ بخش کے لواحقین سے بات کی تو رونگٹے کھڑے کر دینے والے انکشافات کا پتہ چلا۔ اللہ بخش چند گاڑیوں پر مشتمل ایک گڈز کمپنی کے مالک مقبول کھرل کی گاڑی چلاتا تھا۔ گاڑی عموماّّ پھل اور سبزیاں لیکر بھکر، مظفرگڑھ، ملتان، ڈیرہ غازیخان کے اضلاع تک اپنی سروس فراہم کرتی تھی تاہم اللہ بخش کی کمپنی سے جب اسی کے علاقے میں کاروبار کے سلسلے میں رہائش پذیر دو پٹھان بیوپاریوں فیروز خان اور اسلم خان نے لورالائی سے پہلی مرتبہ سیب لے آنے کے حوالے سے بات کی تو کمپنی انتظامیہ نے اللہ بخش کو ان پٹھان بیوپاریوں کے ساتھ جا کر سیب لوڈ کر کے لے آنے کو کہا ۔لواحقین کے مطابق اللہ بخش کی دونوں پٹھانوں سے اچھی علیک سلیک تھی اس لئے اللہ بخش فوری طور پر ان کے ساتھ جانے کو تیار ہو گیا۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے لئے اپنے پہلے سفر کو لیکر اللہ بخش بہت پرجوش تھا یوں وہ وقوعہ کی رات تقریبا ساڑھے دس بجے دونوں بیوپاریوں کو لیکر لورالائی کے لئے روانہ ہو گیا۔مقتول کے چچا عبدالغفور نے بتایا کہ اللہ بخش کے جاںبحق ہونےکی خبر پورے خاندان پر بجلی بن کر گری تاہم ان کی سب سے چھوٹی سات سالہ بیٹی رخسانہ اور آٹھ سالہ بیٹا عاقب صدمے سے نڈھال ہیں جبکہ مقتول کی بیوہ ماں کی گریہ زاری سے کلیجہ پھٹنے کو آ جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مرحوم نے پسماندگان میں 3بیٹیاں بشمول راشدہ (14)، مسکان (12)، رخسانہ (7)، دو بیٹے ناظم (10)، عاقب (8) اور بیوہ اپنے پیچھے سوگوار چھوڑی ہیں۔اللہ بخش اپنے گھرانے کا واحد کفیل تھا اللہ بخش کے بھائی معمولی مزدور ہیں جن میں سے ایک ٹائرز کے پنکچرز لگاتاہے۔ اللہ بخش کے بھائی محمد نادر نے بتایاکہ انہیں بتایا کہ جب انکے بھائی کے ٹرک کو روکا گیا تو اس میں ان دو پٹھانوں کے علاوہ اسی علاقے کے دو اور لوگ بھی ٹرک پر سوار تھے جو راستے میں ٹرک پر سوار ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے چاروں پشتونوں کو چھوڑ دیا اور اللہ بخش کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ وہ جس ٹرک کو چلا رہا تھا اسے آگ لگا دی۔پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر عون عباس بپی، جمعرات کے روزایم این اے رانا فراز نون، سابق ایم این اے ملک نیاز احمد جھکڑ، ایم پی اے شہاب الدین سہیڑ اور مقامی رہنما اسامہ اصغر گجر کے ہمراہ اللہ بخش کے گھر تعزیت کے لئے پہنچے اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں