مولانا فضل الرحمٰن کی ایس سی او کانفرنس کے تناظر میں پی ٹی آئی سے اپیل
مولانا فضل الرحمٰن کی پی ٹی آئی سے 15 اکتوبر کو احتجاج مؤخر کرنے کی اپیل
مولانا فضل الرحمٰن نے پاکستان تحریک انصاف سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کے تناظر میں 15 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج کو مؤخر کرنے کی اپیل کردی۔
پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پیغام میں لکھا کہ ان کا مولانا فضل الرحمٰن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ۔
جس میں سربراہ جے یو آئی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں طبی سہولیات کی فراہمی اور ذاتی معالج تک رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے پی ٹی آئی سے ایس سی او کانفرنس کے تناظر میں 15 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج کو مؤخر کرنے کی اپیل کی ہے۔
اسد قیصر نے بتایا جے یو آئی (ف) کے آئینی ترمیم کے مسودے کے اکثر نکات پر دونوں جماعتوں میں ہم آہنگی ہے۔
مسودے پر مزید غور کے لیے 17 اکتوبر کو دونوں جماعتوں کا اجلاس ہوگا۔
رہنما پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمٰن کو یقین دلایا ہے کہ ان کی تجاویز پارٹی کے سامنے پیش کی جائیں گی ۔
اور مشاورت کے بعد انہیں پارٹی فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں