“پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت مسترد: 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات”
عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کی ضمانتیں مسترد
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کی ضمانتیں خارج کردیں۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔
عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کا آفس جلانے سمیت 3 مقدمات میں ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کیں۔
ملزمان نے ضمانت پر رہائی کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت میں درخواستیں دائر کر رکھی تھیں۔
یاد رہے کہ 23 ستمبر کو سابق گورنرپنجاب و رہنما پی ٹی آئی عمر سرفراز چیمہ نے عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ضمانت کی درخواست انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں دائر کی تھی۔
درخواست گزار کی طرف سے عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث نہ ہونے اور سیاسی بنیادوں پر مقدمے میں نامزد کیے جانے کا مؤقف اپنایا گیا۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔
جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا۔
سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جبکہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں