سپریم کورٹ،ہائرایجوکیشن کی ہدایات نظرانداز ەملتان کی سرکاری جامعات میںانتظامی عہدوں پرتعیناتیاںجاری

ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں تدریسی سٹاف کی انتظامی عہدوں پر تعیناتی

ملتان ( خصوصی رپورٹر ) ملتان کی سرکاری جامعات میں سپریم کورٹ آف پاکستان اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت کے برعکس انتظامی عہدوں پرتدریسی سٹاف کی تعیناتیوں کا سلسلہ بدستور جاری ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اپلائیڈ سائیکالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر، ڈاکٹر غلام اسحاق کو ڈپٹی رجسٹرار (ایچ آر) کی اضافی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
اس ضمن میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے صوبہ بھر کی تمام سرکاری جامعات کو انتظامی عہدوں پر تدریسی سٹاف کی تعیناتیاںنہ کرنے بارے احکاما ت جاری کئے گئے ہیں لیکن وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی اور رجسٹرار محمد فاروق نے مذکورہ احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے شعبہ اپلائیڈ سائیکالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر، ڈاکٹر غلام اسحاق کو ڈپٹی رجسٹرار (ایچ آر) کی اضافی ذمہ داری تفویض کردی ہیں ۔
اس ضمن میں جامعہ کے تدریسی و انتظامی حلقوں نے گورنر پنجاب و چانسلر اور سیکرٹری ایچ ای ڈی سے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاہم دوسری جانب ترجمان ایمرسن یونیورسٹی نے اس حوالے سے جاری ہینڈ آوٹ میں موقف اختیار کیا ہے کہ اسسٹنٹ پروفیسر غلام اسحاق تدریس اور انتظامی امور میں تجربہ رکھتے ہیں۔
وہ مختلف جامعات میں مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں، جن میں ریسرچ سیل کے انچارج،بطور ٹرینر، ڈسپلنری کمیٹی کے سربراہ، اور اسکریننگ و بھرتی کمیٹی سمیت دیگر اہم کمیٹیوں کے رکن کے طور پر کام شامل ہے۔ ڈپٹی رجسٹرار (ایچ آر) کا اضافی چارج دینے کا مقصد جامعہ میں انسانی وسائل کے انتظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانا ہے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں