ڈائریکٹر انجینئرنگ واسا نے 4 ماہ میں ہزاروںکنکشن کٹوا دئیے

“ڈائریکٹر انجینئرنگ منعم سعید کی کارکردگی: 4 ماہ میں 4 ہزار کنکشن کٹوانے کا انکشاف”

ملتان( وقائع نگار)واسا کے ڈائریکٹر انجینئرنگ منعم سعید کی ”بہترین “کارکردگی ‘چار ماہ کے دوران 4ہزار سے زائد واٹر سپلائی کنکشن کٹوا کر محکمہ کو کروڑوں روپے کے ریونیو سے محروم کردیا ‘ شہر کے بیشتر علاقوں میں واٹر سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے کنکشن کٹوانے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیل کے مطابق واسا کے ڈائریکٹر انجینئرنگ منعم سعید نے چارج سنبھالتے ہی شعبہ واٹر سپلائی کا ستیاناس کردیا شہر کے بیشتر علاقوں میں کئی کئی روز سے واٹر سپلائی معطل ہے کسی علاقہ میں لائن کی لیکج ہوجائے یا ٹرانسفارمر خراب ہوجائے تو اسی ہنگامی بنیادوں پر ٹھیک کروانے کی بجائے منعم سعید لیت و لعل سے کام لیتا ہے اور کئی کئی روز تک واٹر سپلائی چالو نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے واٹر سپلائی کے بھاری بل ادا کرنے والے شہریوں نے گزشتہ چار ماہ کے دوران چار ہزار سے زائد کنکشن کٹوادیئے ہیں ۔
جس سے محکمہ واسا کا ماہانہ کروڑوں روپے ریونیو کم ہوا ہے معلوم ہوا ہے کہ منعم سعید کی ٹھیکیداروں سے پارٹنر شپ ہے جس کی وجہ سے ٹھیکیدار بھی شہریوں کی پریشانی کو نظر انداز کرکے سکون سے کا م کرتے ہیں اور ٹرانسفارمرز کی خرابی بھی کئی کئی روز تک دور نہیں کروائی جاتی۔
‘ واسا ملازمین اور شہریوں نے سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب اور ڈی جی ایم ڈی اے سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اس بارے موقف کے لئے منعم سعید سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کوئی جواب نہ دیا۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں