الزامات غلط فہمی کا نتیجہ،زرعی یونیورسٹی میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے(وی سی ڈاکٹر اشتیاق)

“محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں ترقیاتی پروجیکٹس کی کامیاب تکمیل”

ملتان (خصوصی رپورٹر)سینڈیکیٹ سپریم اتھارٹی ہے آپ ان کے فیصلے کیوں نہیں مانتے، جب آپ نوازشریف زرعی یونیورسٹی میں مستقل وی سی تعینات ہونے کی بنیادی شرائط پر پورا نہیں اترتے پھر عدالت سے سٹے کیوں لے رکھا ہے، بطور قائم مقام وی سی، 13 ماہ کے دوران آپ نے کوئی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ، ریسرچ یا کوئی قابلِ ذکر تخلیقی کام شروع کیا ؟ ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ صحافیوں کے چبھتے سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے، میرے خلاف سینڈیکیٹ ممبران اور رفیق فاروقی نے سازش کی، میرے پاس بطور پرو وائس چانسلر مکمل اختیارات ہیں، ہائی کورٹ کے چار مختلف فیصلے اس بات کی دلیل ہیں، مزید چھ سال پرو وی سی رہوں گا۔
محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جواب، تفصیل کے مطابق گزشتہ روز محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان شعبہ تعلقات عامہ اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پرسنز کی ایک مشترکہ میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں یونیورسٹی میں گزشتہ دس سالوں میں مکمل کیے گئے اور موجودہ جاری مختلف تحقیقاتی پروجیکٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ ٹیم ورک کے نتیجے میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران یونیورسٹی میں مثالی اور حیران کن ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔ قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے اس حوالے سے بریفنگ دی اور صحافیوں کے چبھتے ہوئے سخت سوالوں کے تسلی بخش جواب نہ دے سکے بلکہ اب تک جتنے بڑے منصوبے مکمل ہوئے اسے اپنے سمیت ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا اور ڈاکٹر راؤ آصف علی سمیت سب کو اس کا کریڈٹ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ جلال پور پیر والا یونیورسٹی تحقیقاتی فارم میں ایک لاکھ سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں اور آئندہ چند ہفتوں میں 10 ہزار مزید پودے لگائے جائیں گے۔ یونیورسٹی اپنی آٹھویں بس کی خریداری پر کام مکمل کر چکی ہے، جبکہ مختلف پروجیکٹس کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی اپنے متعین کردہ اہداف کے حصول کی طرف تیزی سے گامزن ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں اور یونیورسٹی کی ترقی کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ میٹنگ کے اختتام پر وائس چانسلر نے صحافیوں کے ہمراہ یونیورسٹی کے مختلف پروجیکٹس جینوم سینٹر، گرلز ہاسٹل اور سپورٹس کمپلیکس کی تعمیراتی سائٹس کا دورہ بھی کیا ۔ تحقیقاتی فارم اور ہائیڈرو پونک یونٹ کا دورہ کیا جہاں صحافیوں کو ماڈرن فارمنگ کے متعلق آگہی دی گئی۔ دورے کے اختتام پر صحافیوں نے وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کی ادارے کے لیے خدمات کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وائس چانسلر نے پچھلی ایک دہائی سے زیادہ عرصہ میں ہونی والی کامیابیوں کو اجاگر کرنے پر میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کیا۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ نے کہا کہ میرے خلاف زیادہ تر باتیں غلط فہمی کا نتیجہ ہیں، میں ہمیشہ ایمانداری اور دلجمعی سے ادارے کی ترقی کے لیے کوشاں ہوں، آسٹریلیا کے اشتراک سے گندم منصوبے پر آسٹریلوی حکام نے میرے مؤقف کی حمایت کی ہے۔اس الزام میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ اس بارے آسٹریلوی سائنسدان اور سیکرٹری زراعت پنجاب نے مجھ سے برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں میڈیا کے ساتھ رابطے میں رہوں گا اور یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی میں میڈیا مثبت کردار ادا کرنے میں میرا بھرپور ساتھ دے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں