“پی ایچ اے کی نیلامی میں کرپشن کی تحقیقات: ڈی جی اور حافظ اسامہ کے رول کا پتہ چلا”
ملتان ( خصوصی رپورٹر)پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی ( پی ایچ اے ) کے نئے قائمقام ڈائریکٹر جنرل بھی ڈائریکٹر مارکیٹنگ حافظ اسامہ کے ساتھ ملکر غضب کرپشن کا بڑا حصہ بن گئے، سپریم کورٹ کی جانب سے پبلک مقامات پر ایل ای ڈی پول سائنز لگانے کی پابندی کے باوجود شہر کی 5 مصروف ترین سڑکوں پر ایل ای ڈی پول سائن لگانے کے لئے نیلامی کردی گئی، منظور نظر کمپنیوں کو نوازنے اور اپنی جیبیں بھرنے کا سلسلہ جاری۔
تفصیل کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی ( پی ایچ اے ) کی جانب سے شہر کے 5 روڈز پر پول ساءینز کی نیلامی گزشتہ روز 12 فروری 2025 کو پی ایچ اے دفتر میں شروع ہوئی۔ اشتہار کے مطابق شہر کے 5 روڈز پیزاہٹ روڈ گلگشت ، گلشن مارکیٹ فلائی اوور نواں شہر تا ڈیرہ اڈا چوک ، واٹر ورکس روڈ اور ممتاز آباد مارکیٹ میں روڈز کی ڈبل و سنگل سائیڈز کو نیلام کیا جانا تھا، جبکہ بولی صرف 1 آئیٹم پیزا ہٹ روڈ کی ہوسکی، بقیہ 4 آءیٹمز میں کوئی کال ڈپازٹ جمع نہ ہوسکا۔
قبل ازیں مذکورہ روڈ کی ایس ایم ڈیز لگانے کی بولی 4 کروڑ 5 لاکھ روپے دی گئی تھی، جبکہگزشتہ روز ہونے والی نیلامی میں 1 کروڑ 25 لاکھ روپے کی بولی دینے والے ٹاپ سائن سروسز کے مالک آصف اقبال ہی کامیاب بولی دہندہ قرار پائے۔ سال 2000 میں اس وقت کے ڈی جی پی ایچ اے شفقت رضا نے سپریم کورٹ کے احکامات کے خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل ای ڈی پول سائنز کی نیلامی کروائی تھی اور انہوں نے بھی اپنی منظور نظر کمپنی ٹاپ سائن کو ہی ملی بھگت کرکے ٹھیکہ دیکر خوب پیسے کمائے تھے، اس وقت بھی پی ایچ اے کے حافظ قرآن ڈائریکٹر مارکیٹنگ حافظ اسامہ نے شفقت رضا کی معاونت کی تھی اور اپنا حصہ وصول کیا تھا اب 2025 کی نیلامی کے لئے بھی سپریم کورٹ احکامات کو ایک بار پھر روندا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ ڈی جی پی ایچ اے نے بھی حافظ اسامہ کی معاونت سے منظور نظر افراد کو فرنٹ مین ظاہر کرکے اپنی کمائی کا ذریعہ نکالا ہے، اس کے لئےحافظ اسامہ کے ذریعے دیگر منظور نظر شامل کمپنیوں سے معاملات طے کئے ہیں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 17 اکتوبر 2018 کو سوموٹو کیس میں احکامات جاری کئے تھے کہ پبلک مقامات پر تشہیری مواد نہیں لگایا جاسکتا، جس پر ملک بھر میں تشہیری مواد ہٹوا دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ آرڈرز میں یہ بھی واضح لکھا گیا تھا کہ پبلک پراپرٹی پر وہ ٹریفک سائن بھی نہیں لگائے جاسکتے ۔
جن پر کسی کمپنی کا اشتہار یا ذکر ہوگا۔ عدالت عالیہ ملتان بینچ نے رٹ پٹیشن نمبری 1038/2025 مورخہ11-02-2025کے فیصلہ میں مذکورہ نیلامی کی کاروائی پر اٹھائے گئے قانونی سوالات پر سپریم کورٹ کے احکامات اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیا، آرڈر کی مصدقہ کاپی ڈی جی پی ایچ اے کو بروقت وصول کروا دینے کے باوجود، نیلامی کی کاروائی عمل میں لائی گئی نیلامی کے شرکت کنندگان کے اعتراضات بھی پس پشت ڈال دیئے گئے۔اس ضمن میں ترجمان پی ایچ اے نے موقف اختیا ر کیا ہے کہ افسران کی جانب سے مذکورہ نیلامی کی پریس ریلیز جاری کرنے سے روک دیا گیا ہے نیلامی ہونے یا کینسل کئے جانے کا فیصلہ آج ہوگا۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں