پی ٹی وی ملتان ،ہراسمنٹ کیس،جرم ثابت: سابق جی ایم شفقت عباس بحالی کیلئے ہاتھ پاؤں مارنے لگے

“پی ٹی وی ملتان سنٹر میں خواتین کے جنسی ہراسمنٹ کیس کی تحقیقات جاری: شفقت عباس ملک کا کیس”

ملتان(نمائندہ خصوصی) پی ٹی وی ملتان سنٹر میں جنسی ہراسمنٹ کیس میں ملوث سابق جی ایم شفقت عباس ملک نے قصور وار ثابت ہونے کے باوجوداسی عہدے پر دوبارہ بحالی کے لئے سفارشوں کاسلسلہ تیز کردیاہے۔سابق جی ایم پی ٹی وی ملتان سنٹر شفقت عباس ٹی وی میں کام کرنے والی م ج ع کی درخواست پر ہونے والی انکوائری میں عہدے سے ہٹائے گئے تھے۔
پی ٹی وی ہیڈکوارٹر سنٹر اسلام آباد سے ڈپٹی کنٹرولرایڈمنسٹریشن اینڈ پرسانل طارق سلیم کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں کہاگیاہے کہ سنٹرل اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کی تفتیش پرشفقت عباس ملک بطور جی ایم پی ٹی وی ملتان گلٹی (قصور وار)ثابت ہوچکے ہیں۔
سنٹرل اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کی تفتیش پر شفقت عباس ملک کی تنزلی کرتے ہوئے اس کی ٹائم سکیل ترقی بھی روک دینے کے احکامات جاری کئے تھے۔ہراسمنٹ آف ویمن ایٹ ورکنگ پلیس ایکٹ 2010سب پیرا،ون کے مطابق سزا دی گئی ہے۔شفقت عباس ملک کو پروڈیوسر کرنٹ افیئرزگروپ 6سےپروڈیوسرکرنٹ افیئرزگروپ 5 میں تنزلی کردی گئی۔
شفقت عباس ملک کی بطور جی ایم پی ٹی وی ربیع الاول اور محرم الحرام کے دوران پروگرامز میں شرکت کے لئے آنے والی بچیوں کے ساتھ بھی ایسارویہ اختیار کیاجاتارہاجس پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ بتایا گیاہے کہ شفقت عباس ملک کی طرف سے ایک خاتون کوہراساں کرنے کی پاداش میں متاثرہ خاتون کے رشتہ داروںنے اکٹھے ہوکر پی ٹی وی ملتان سنٹر کے باہراحتجاج کیا ۔
اور شفقت عباس ملک کو اپنے حوالے کر نے کے لئے نعرے بازی بھی کی۔ پی ٹی وی ملتان شعبہ نیوز کےایک سینئر کی مداخلت پر شفقت عبا س ملک کی جان بخشی کرائی گئی۔شعبہ نیوز کے ایک سینئر کی ہی منت سماجت پر اس وقت بھی شفقت عباس ملک کے خلاف ہیڈکوارٹر درخواست بھجوانے کے لئے تیار درخواست واپس لیناپڑی ۔
احتجاج کے باوجود بھی پی ٹی وی ہیڈملتان سنٹر میں خواتین کو مختلف طریقوں سے ہراساں کرنے کاسلسلہ جاری رہا۔شفقت عباس کیس کی دستاویزات بھی بیٹھک کے پاس موجود ہیں۔اس حوالے سے پی ٹی وی ملتان انتظامیہ کو مؤقف آنے کی صورت میں من وعن شائع کیاجائے گا۔
تاہم پی ٹی وی ملتان سنیٹر کے نومولود جی ایم شیراز درانی مؤقف دینے سے مسلسل معذوری کا اظہار کررہے ہیں۔ملتان کی شہری تنظیموں کے نمائندوں نے وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ سے مطالبہ کی ہے کہ پی ٹی وی ملتان سنٹر میں خواتین کے جنسی ہراسمنٹ کیس میں ملوث افراد کوپی ٹی وی جیسے باوقار ادارے سے نکال باہر کیاجائے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں