کپاس کی اگیتی کاشت: حکومت پنجاب کے اقدامات پر سرفراز حسین مگسی کا دورہ
ملتان(خصوصی رپورٹر )سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی کا ڈی جی خان اور کوٹ چھٹہ کا دورہ۔کپاس کی اگیتی کاشت کے حوالے سے جاری مہم کے تحت کاشتکاروں سے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ڈی جی خان ڈویژن مہر عابد حسین سمیت محکمہ زراعت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی نے یونین کونسل حاجی غازی غربی، ڈیرہ غازی خان میں اللہ نواز گوپانگ کے ڈیرہ پر ترقی پسند کسانوں سے ملاقات کی اور انہیں کپاس کی اگیتی کاشت کے حوالے سے حکومت پنجاب کے اقدامات بارے تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی سرفراز حسین مگسی نے کہا کہ اگیتی کاشتہ کپاس کم خرچہ میں زیادہ پیداوار دے سکتی ہے۔کپاس کی اگیتی کاشت ہی کسانوں کی فلاح و بہبود کی ضامن ہے کیونکہ اگیتی کاشتہ کپاس سے بھرپور پیداوار اور فی ایکڑ زیادہ منافع کا حصول ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 5 یا 5 ایکڑ سے زائد رقبہ پر کپاس کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو 25 ہزار روپے دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار 15 فروری سے کپاس کی اگیتی کاشت کا آغاز کریں۔
دریں اثنا سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کوٹ چھٹہ میں ٹماٹر کے نمائشی پلاٹ کا بھی معائنہ کیا۔جہاں پر ٹماٹر کی اگیتی فصل ٹنل کے بغیر تسلی بخش حالت میں تھی۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی نے کہا کہ ٹماٹر کی فصل میں کپاس کی کاشت ایک منافع بخش قدم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سبزیوں، رایا،کینولہ اور دیگر تیلدار اجناس کی برداشت کے فورا بعد خالی ہونے والے رقبوں میں کپاس کاشت کریں۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین نےکہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے ٹرپل جین اقسام کا انتخاب کریں۔بعد ازاں سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی نے شعبہ توسیع اور باغبانی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مختلف درجہ حرارت کے نظام کا ڈیٹا رکھیں تاکہ کسانوں کے فائدے کے لیے اس کا استعمال کیا جا سکے۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں