سی ای او ہیلتھ کاتضحیک آمیز رویہ ،پی ایم اے وفد ڈپٹی کمشنرکے سامنے پھٹ پڑا

“ڈاکٹروں کا سی ای او ہیلتھ ملتان کے خلاف احتجاج: ڈاکٹر ریاض احمد مستوئی پر تضحیک آمیز رویے کا الزام”

ملتان(جنرل رپورٹر)سی ای او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر ریاض احمد مستوئی کی جانب سے ڈاکٹروں سے تضحیک آمیز رویہ اپنانے پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر ملتان علی بخاری سے ملاقات کی اس دوران جنرل سیکرٹری پی ایم اے ملتان ڈاکٹر عمران حیدر قیصرانی نے بتایا کہ سی ای او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر ریاض احمد مستوئی کا ڈاکٹروں کے ساتھ رویہ ناقابل برداشت ہوتا جا رہا ہے۔
وہ نہایت تضحیک آمیز رویہ اپنائے ہوئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر انتظام کام کرنے والے ڈاکٹروں نے کام کی جگہ ہراساں کرنے کا بدترین دور قرار دے دیا ہے چھوٹی چھوٹی غلطیوں پر ناجائز طور پر بڑی سزائیں سنائی جا رہی ہیں جبکہ سی ای او ہیلتھ ملتان بلاوجہ ڈی ایچ کیو شہباز شریف ہسپتال کے روسٹرز سمیت تمام معمالات میں مداخلت کر رہے ہیں۔
جبکہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریاض احمد مستوئی اصل مسائل ادویات و آلات کی کمی، ایمرجنسی او پی ڈی ، اور آپریشن تھیٹرز میں عملے کی کمی دور کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں اسی طرح سینئر میڈیکل آفیسر ڈی ایچ کیو شہباز شریف ہسپتال ڈاکٹر آصف محمود جو بطور اے ایم ایس ایڈمن کام کر رہے ہیں۔
سینئر جونئیر ڈاکٹروں کے ساتھ کئی مرتبہ بدتمیزی کر چکے ہیں اس حوالے سے ڈی ایچ کیو شہباز شریف ہسپتال کے ڈاکٹرز نے تحریری شکایات بھی جمع کرائی ہیں تاہم سی ای او ہیلتھ کی جانب سے تاحال انکے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی اور وفد نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر آصف محمود کی جگہ کسی سینئر کنسلٹنٹ کو اے ایم ایس ایڈمن تعینات کیا جائے۔
،ڈپٹی کمشنر ملتان نے ڈاکٹرز کے تمام جائز مطالبات جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ،ادھر وفد میں ڈاکٹر وقار نیازی ، ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر، ڈاکٹر مرتضی بلوچ ، ڈاکٹر احمد خلیل ،ڈاکٹر مطلوب مغل ،ڈاکٹر منظور حسین اور دیگر موجود تھے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں