سمگلنگ روک تھام کیلئے ڈی جی خان ٹرائبل ایریا میں سرویلنس بڑھانے کی حکمت عملی تیار

“جنوبی پنجاب میں سمگلنگ کی روک تھام: ڈرون ٹیکنالوجی اور نئی فورس کی تعیناتی”

ملتان(خصوصی رپورٹر ) جنوبی پنجاب میں سگمگلنک روکنے کے لئے ڈی جی خان کی ٹرائبل ایریا میں سرویلنس بڑھانے کے لئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔اس سلسلے میں نئی چیک پوسٹوں کی تعمیرجاری ہے جس پر جوائنٹ فورسسز تعینات کی جائیں گی جبکہ بی ایم پی فورس میں نئی بھرتیاں کی جارہی ہیں۔
یہ بات ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی کو کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری نے ملاقات میں بتائی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے سمگلنگ روکنے کے لئے سخت ترین اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ایرانی آئل کی سمگلنگ سے ملک کے ریونیو کو نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ کھاد کی سمگلنگ جنوبی پنجاب میں کھاد کی قلت کا باعث بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید اسلحے کی سمگلنگ بارے بھی خفیہ معلومات موصول ہوئی ہیں،ایسے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو پوری قوت کے ساتھ کچلنے کی ضرورت ہے۔ فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ کوہ سلیمان کے ایریا میں انفرا سٹرکچر میں اضافہ کیا جائے اور سرویلنس کے لئے ڈراون ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جائے۔
کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری نے بریفنگ میں بتایا کہ بین الصوبائی اسمگلنگ روکنے کے لئے بارڈر فورس کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے گئی ہیں اور بارڈر ملٹری پولیس میں نئی بھرتیاں شروع کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایم پی کی 16 چیک پوسٹیں تعمیر کی گئی ہیں جبکہ جوائنٹ فورسسز کی تعیناتی کے لئے تین بڑی چیک پوسٹوں کی تعمیر کے لئے ٹینڈر جاری کر دئےگئے ہیں۔
اشفاق احمد چوہدری نےبتایا کہ کوہ سلیمان ایمپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت 15 سڑکیں کی تعمیر مکمل ہو چکی جبکہ 8 پر کام جاری ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ایک سال کے دوران268 سمگلرز گرفتار،216 مقدمات درج اور 278 گاڑیاں ضبط کی گئیں۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں