ساس سسر قتل کیس ملتان: محمد تنویر اور امیر بخش کو سزائے موت

ملتان: ساس سسر کے قتل میں ملوث ملزمان کو مختلف سزائیں، محمد تنویر کو سزائے موت

ملتان(نمائندہ خصوصی)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان نوید کامران لنگڑیال نے گھریلو ناچاقی پر ساس سسر کو کلہاڑیوں کے وار کرکے بے دردی سے قتل کرنے کے مقدمہ میں ملوث داماد مرکزی ملزم محمد تنویر اور اسکے باپ امیر بخش کو سزائے موت ایک ساتھی ملزم شاہد ریاض کو عمر قید جبکہ 17 سالہ بھائی ملزم محمد محسن کو مجموعی طور پر 31 سال قید کی سزا سنادی ہے۔
قبل ازیں فاضل عدالت میں پولیس تھانہ صدر ملتان کے مطابق ملزمان محمد تنویر، شاہد ریاض ، امیر بخش اور محمد محسن کے خلاف 18 ستمبر 2022 کو محمد طارق عزیز کی درخواست پر مقدمہ نمبر 428 درج کیا گیا۔ جس میں ملزمان کے خلاف سورج میانی کے علاقے چاہ آمب والا میں دوہرے قتل امد کا الزام عائد کیا گیا۔
ملزم محمد تنویر کی بیوی نگینہ روٹھ کر میکے آئی ہوئی تھی اور عدالتی حکم پر دو بچے شرجیل اور تحسین بھی ماں کے حوالے کیے گئے تھے اسی رنج پر ملزم نے اپنے ساتھیوں سمیت ساس سسر کو کلہاڑیوں کے وار کرکے بے دردی سے قتل کردیا۔
اور بیوی نگینہ کو شدید زخمی کردیا۔ملزم محمد تنویر کو سسر محمد رمضان کے قتل پر سزائے موت 5 لاکھ معاوضہ کی سزا، ملزم شاہد ریاض کو اسی قتل میں عمر قید کے ساتھ 5 لاکھ معاوضہ ،ملزم تنویر کی بیوی نگینہ کو زخمی کرنے پر ایک سال قید ایک لاکھ جرمانہ ، ملزم تنویر کے باپ امیر بخش کو مقتولہ رضیہ بی بی کے قتل پر سزائے موت ، 17 سالہ ملزم بھائی محمد محسن کو اقدام قتل کی دفعہ کے تحت دس سال قید 20 ہزار جرمانہ ، اپنی بھابھی نگینہ کو وار کرکے مختلف ضربات لگانے پر 11 سال قید اسی طرح چادر چار دیواری کے تقدس پامال کرنے پر چاروں ملزمان کو دس سال قید 20 ہزار جرمانہ کی سزا سنائی گئی ہے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں