بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز

زکریا یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات، نئی ویب سائٹ کا افتتاح

ملتان( خصوصی رپورٹر )بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال کی سربراہی میں ڈینز اور چیئرمینز کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں یونیورسٹی کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پر گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں مختلف تجاویز پیش کی گئیں، جن میں جاب فیئر، اوپن ڈے ایکٹیویٹیز، کلچرل فیسٹیولز اور 50 سالہ تقریبات کے موقع پر شجرکاری مہم شامل ہیں۔وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال نے تمام ڈیپارٹمنٹس کو اپنے الومنائے ریکارڈ کو مکمل اور فعال بنانے کی ہدایت کی اور یونیورسٹی کے سابق طلبہ سے روابط کو مضبوط کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ گولڈن جوبلی تقریبات کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے تمام شعبہ جات کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ یونیورسٹی کی علمی اور تحقیقی خدمات کو اجاگر کیا جا سکے۔
اسی موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال نے یونیورسٹی کی نئی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا۔
نئی ویب سائٹ کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس میں طلبہ، اساتذہ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے لیے معلومات کے حصول کو مزید آسان بنایا گیا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور گولڈن جوبلی تقریبات کے کامیاب انعقاد کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا، جو ان سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں