نیشنل ایکشن پلان ٹو بارے بلاول کی تجویز پر فوری عمل کیا جائے:احمد محمود

“پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کا نیشنل ایکشن پلان ٹو کی حمایت میں بیان”

ملتان(خصوصی رپورٹر )پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاھین نے موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے مشترکہ میڈیا بیان کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں مذاکرات، مزاحمت اور ترقی کی پالیسی کو اپنایا اور عوام کی توقعات کو 18 ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کی صورت میں پورا کیا اور تاریخ گواہ ہے کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے۔
جس نے ہمیشہ دہشت گردی کی کھل کر مخالفت کی ہے چاہے وہ مذہبی دہشت گردی ہو، علیحدگی پسند/قوم پرستانہ دہشت گردی ہو یا سیاسی تشدد ہو پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سخت مخالفت کی بلکہ پوری قوم کے ساتھ مل کر عظیم قربانیاں دیں آج ملک میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے سانحہ جعفر ایکسپریس آپریشن کے دوران 21 شہریوں اور سیکورٹی فورسز کے چار جوانوں کی شہادت پر پاکستان کی عوام سمیت پیپلزپارٹی کا ہر عہدیدرا و کارکن گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہا ہے۔
لیکن اس موقع پر پوری قوم سیکورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتی ہے جس طرح انہوں نے شہریوں اور مسافروں کو بازیاب کروایا اور 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اس پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے موجودہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان ٹو کا جو مشورہ دیا ہے اس کو پوری قوم سراہتی ہے۔
وزیراعظم پاکستان کو چاہیئے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہ اس تجویز پر فوری عمل کیا جائے تاکہ دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے موثر کارروائی کی جاسکے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اسمبلی میں کئے گئے خطاب میں اپوزیشن جماعتوں کیلئے عوامی و ملکی فلاح و بہبود کیلئے پیغام تھا کہ تمام جماعتوں کو سیاسی اختلافات کو بھلا کر یکجا ہونا پڑے گا کیونکہ پاکستان کی بقا و سلامتی اسی میں ہے پاکستان کی عوام جان چکی ہے کہ ملک میں انتشار کی سیاست کون کر رہا ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سیاست کون کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے معاشی اعشاریہ پر نظر ڈالیں تو ترقی ہو رہی ہے لیکن پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ اس ترقی کا ثمر عوام کو ملے عوام کی زندگیوں کو جس مہنگائی و بے روزگاری نے اجیرن بنا رکھا ہے اس کا خاتمہ اس صورت ہو سکتا ہے کہ عوام کو ضروریات زندگی کی تمام اشیاء میں ریلیف فراہم کیا جائے اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے موقع قائم کئے جائیں۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں