“پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی کمشنر ملتان سے نشتر 2 ہسپتال کے مسائل پر ملاقات”

“نشتر 2 ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی اور ناقص تعمیر کے مسائل”

ملتان(جنرل رپورٹر) نشتر 2 ہسپتال میں انیستھیزیا سمیت دیگر شعبوں میں ڈاکٹروں کی شدید کمی اور نشتر 2 عمارت کی ناقص تعمیر کا آڈٹ ، نشتر 2 ہسپتال کے دیگر مسائل سے متعلق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں سے ملاقات ، مسائل فوری حل کرنے کا مطالبہ۔
تفصیل کے مطابق کمشنر ملتان ڈویژن گزشتہ روز نشتر ہسپتال کے دورے پر پہنچے جہاں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی اس دوران کمشنر ملتان ڈویژن کو نشتر 2 ہسپتال کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ نشتر 2 میں ایس این ای کے مطابق عملہ بھرتی نہیں کیا جا رہا ۔
، اس وقت نشتر 2 ہسپتال میں انیستھیزیا ڈاکٹروں کی شدید کمی ہے جس سے آپریشن ملتوی ہو رہے ہیں نشتر 2 ہسپتال میں کارڈیک وارڈ نہ ہونے کی وجہ سے آپریشن فٹنس کے لئے درکار ایکو اور دیگر دل کے ٹیسٹ کروانے کیلئے مریضوں کو تیس کلو میٹر دور کارڈیالوجی ہسپتال آنا پڑتا ہے۔
جبکہ نشتر 2 فیز ون جس میں تقریباً 550 بستروں پر مشتمل نشتر 2 تعمیر کیا گیا وہاں ڈاکٹروں کا رہائشی ٹاور اب تک نہیں بنایا گیا انہوں نے مزید کہا کہ نشتر 2 عمارت کا فٹنس سرٹیفکیٹ اب تک جاری نہیں کیا گیا مطالبہ ہے کہ نشتر 2 عمارت کے نقائص کا نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کروائی جائے۔
جبکہ نشتر 2 ہسپتال کے فیز 2 کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے تاکہ 1 ہزار بستروں پر مشتمل نشتر 2 باقاعدہ ایک ٹیچنگ ہسپتال کے طور پر فعال بنایا جا سکے، کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے وفد کو یقین دہانی کروائی تمام مسائل سے متعلق سیکرٹری ہیلتھ کو آگاہ کر کے ان کا فوری حل ممکن بنایا جائیگا۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں