جامعہ زکریا میں مستقل تعیناتیاں: وائس چانسلر کے احکامات
ملتان ( خصوصی رپورٹر) روزنامہ بیٹھک کی نشاندہی پر وائس چانسلر جامعہ زکریا نے جامعہ میں انتظامی عہدوں پر قائمقام تعیناتیوںکا ریکارڈ طلب کرتےہوئے رجسٹرار آفس کو کنٹرولر امتحانات ،رجسٹرار سمیت اہم عہدوں پر مستقل تعیناتیوں کا اشتہار فوری طور پر جاری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
اس ضمن میں روزنامہ بیٹھک میں جامعہ زکریا میں ایڈہاک ازم اور 10سے زائد انتظامی عہدوں پر قائمقام تعیناتیوں کی نشاندہی یونیورسٹی حلقوں میں زیر بحث رہی گزشتہ روز جامعہ کے تدریسی و انتظامی حلقوں میں اس حوالے سے تبصرے ہوتے رہے۔
،ناقدین نے اس امر کی حمایت کی کہ واقعی یونیورسٹی میں تدریسی و انتظامی کمزوری کی بڑی وجہ مستقل تعیناتیوں کا نہ ہونا ہے جس سے آئے روز مختلف مسائل جنم لے رہے ہیں ۔اس ضمن میں وائس چانسلر آفس کے ذرائع کے مطابق وائس چانسلر زبیر اقبال غوری نے روزنامہ بیٹھک کی نشاندہی پر جامعہ زکریا میں انتظامی و تدریسی عہدوں پر بطور قائمقام تعیناتیوں کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
جبکہ دوسری جانب انھوں نے رجسٹرار آفس کو رجسٹرار ،کنٹرولر امتحانات سمیت اہم عہدوں پر مستقل تعیناتیوں بارے اشتہار عید کے فوراً بعد جاری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں تاکہ مستقل اافسران کی تعیناتی کیلئے سلیکشن بورڈ کا انعقاد کرایا جاسکے ۔
ذرائع کے مطابق وائس چانسلر نے اشتہار کی تیاری میں تاخیر اور ایچ ای ڈی کے احکامات کودبائے رکھنے پر رجسٹرار آفس اور لیگل سیل کے افسران کو آڑے ہاتھوں لیا اور انھیں اس حوالے سے پردہ پوشی کرنے پر سخت الفاظ میں سرزنش کا نشانہ بناتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر پراگرس رپورٹ فراہم کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔
جبکہ عید کے فوراً بعد انتظامی عہدوں پر مستقل تعیناتیوں ، جامعہ میں سولر سسٹم کی تنصیب ،اور کانووکیشن کے انعقاد بارے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے ۔جبکہ انتظامی افسروں کو اس حوالے سے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں