کسانوں پر ایک اور قہر، جنوبی پنجاب فلور ملز کاگندم سٹاک نہ کرنیکا فیصلہ

جنوبی پنجاب فلور ملز کا فیصلہ: گندم کا اسٹاک نہ کرنا بہتر آپشن

ملتان (سپیشل رپورٹر )گندم کے کسانوں کے لیے بری خبر۔ جنوبی پنجاب فلور ملز کی میٹنگ، گندم سٹاک نہ کرنے کا فیصلہ۔باخبر ذرائع کے مطابق گندم خریداری کے حوالے سے جنوبی پنجاب فلور ملز کی اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلور ملز گندم کا اسٹاک نہیں کریں گی ۔
کیونکہ گندم پورے سال دستیاب ہوتی ہے۔میٹنگ میں کہا گیا کہ کسانوں کے پاس گندم ذخیرہ کرنے کی صلاحیت نہیں ہوتی اور کچھ وقت بعد کسان گندم ادھار پر پیشکش کریں گے۔ مزید یہ کہ ریٹ میں زیادہ سے زیادہ 200 سے 300 روپے کا فرق آئے گا،۔
جو کہ بینک مارک اپ کے برابر ہوگا۔ اس سے زیادہ مارکیٹ میں ریٹ نہیں بڑھیں گے، اس لیے اسٹاک نہ کرنا بہتر آپشن ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق میٹنگ میں کہا گیا کہ اگر ریٹ میں زیادہ فرق پڑا تو ٹریڈرز گندم امپورٹ کر لیں گے کیونکہ آئی ایم ایف کی شرائط کے باعث حکومت نے امپورٹ کو ڈی ریگولیٹ کر دیا ہے، اور اب کوئی بھی کسی وقت گندم امپورٹ کر سکتا ہے۔ علاوہ ازیں بین الاقوامی مارکیٹ میں گندم کی قیمت پانچ سال کی کم ترین سطح پر ہے اور مزید کمی کے امکانات بھی موجود ہیں۔
حکومت خریداری کے عمل سے غیر حاضر ہے کیونکہ مارکیٹ میں نقدی کی قلت کا مسئلہ درپیش ہے۔ گزشتہ سال ہر فلور مل کو نقصان اٹھانا پڑا۔ اس لیے فیصلہ کیا گیا کہ فلور ملز میں کم از کم اسٹاک برقرار رکھا جائے کیونکہ یہ بحران کسانوں اور ملرز دونوں کو متاثر کر رہا ہے، جس کی وجہ سے وقت کے ساتھ قیمت میں بہت کم تبدیلی آتی ہے۔
مزید برآں، چونکہ گندم پورے سال دستیاب ہوگی، اس لیے اسٹاک رکھ کر بڑا نقصان اٹھانے سے بہتر ہے کہ کم از کم اسٹاک رکھا جائے اور کم نقصان برداشت کیا جائے کیونکہ مارکیٹ کی صورتحال غیر یقینی ہے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں