تھانہ سٹی جلالپورنے اندھے قتل کا معمہ حل کرلیا ، 5 ملزمان گرفتار

سی پی او ملتان نے اندھے قتل کیس کو حل کر لیا، 5 ملزمان کی گرفتاری

ملتان(نمائندہ خصوصی)سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ سٹی جلالپور پولیس نے اندھے قتل کی واردات ٹریس کر کے 5 ملزمان گرفتار کر لیے- انہوں نے کہا کہ تھانہ سٹی جلالپور کی حدود میں 24 مارچ 2025 کو ایک دلخراش واقعہ پیش آیا۔
، جس میں 50 سالہ ریاض حسین سعیدی کو دم درود اور تعویز کے بہانے گھر سے بلا کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ مقتول کے بیٹے محمد غضنفر کی مدعیت میںابتدائی طور پر اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تاہم دو روز بعد چاہ یوسف والا کے قریب سے ایک نامعلوم لاش برآمد ہوئی۔
جس کی شناخت ریاض حسین کے طور پر ہوئی۔ اس پر مقدمہ نمبر 459/25 کو دفعہ 365/302 کے تحت قتل میں تبدیل کر دیا گیا۔ سی پی او نے بتایا کہ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ریاض حسین طویل عرصے سے پیری مریدی اور تعویز گنڈے کے نام پر مختلف خواتین کا جنسی استحصال کرتا تھا۔
متاثرہ خواتین شہناز بی بی اور آسیہ بی بی نے پولیس کو بتایا کہ ریاض حسین نہ صرف ان کا استحصال کرتا رہا بلکہ ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل بھی کرتا رہا۔ جب اس نے بھاری رقم کا مطالبہ کیا اور ویڈیوز وائرل کرنے کی دھمکی دی تو دونوں خواتین نے یہ بات محمد نادر اور اس کے کزن محمد جمیل کوبتائی۔
ملزمان نے منصوبہ بندی کے تحت 24 مارچ کو ریاض حسین کو تعویز دینے کے بہانے گھر سے بلایا، اسے چک نمبر 184 ایم لے گئے، موبائل فون چیک کیا، جس میں بلیک میلنگ کی ویڈیوز موجود تھیں، اور بعد ازاں رومال سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔
قتل میں محمد نادر محمد جمیل شہناز بی بی آسیہ بی بی اور ایک اور ملزم عامر شامل پایا گیا جس نے لاش کو ٹھکانے لگانے کے لیے گاڑی فراہم کی۔ پولیس نے تمام 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ایس پی صدر شمس الدین- ڈی ایس پی جلالپور میاں راؤف- ایس ایچ او وقار احمد اور سب انسپکٹر عارف جاوید پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔
جنہوں نے جدید ٹیکنالوجی، سی ڈی آر، جیو فینسنگ اور دیگرسائنسی ذرائع استعمال کرتے ہوئے شب و روز کی محنت سے کیس حل کیا۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے ایس پی صدر ڈویژن شمس الدین اعر ڈی ایس پی جلالپور پیر والا میاں عبد الرؤف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ ایک انتہائی پیچیدہ اور بلائنڈ مرڈر کیس تھا۔
، جس میں ابتدا میں کوئی سراغ موجود نہیں تھا۔ تاہم پولیس ٹیموں نے غیرمعمولی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور جدید تفتیشی طریقہ کار کے ذریعے اس کیس کو کامیابی سے حل کیا جس پر وہ داد کی مستحق ہیں۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں