وائلڈ لائف ٹیم پر حملہ کے 8 ملزمان گرفتار‘مقدمہ درج

“محکمہ وائلڈ لائف ٹیم پر حملہ: دہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ”

ملتان (نمائندہ خصوصی) کے تھانہ لوہاری گیٹ کے علاقے میں محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم پر حملہ کرنے والے عناصر کے خلاف پولیس نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 08 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد کے خلاف دہشت گردی -اقدام قتل اور کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
. پولیس کےمطابق-محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے گودڑی کے مقام پر جنگلی پرندوں کی غیر قانونی خرید و فروخت کو روکنے اور پرندوں کو اپنی تحویل میں لینے کے لیے کارروائی کی۔کارروائی کے دوران دکانداروں نے مزاحمت کرتے ہوئےمشتعل ہجوم اکٹھا کر لیا-
جن کی تعداد 70 سے 80 کے درمیان تھی، مشتعل افراد نے وائلڈ لائف ٹیم پر حملہ کر دیا اور سیدھی فائرنگ شروع کر دی، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کامران عامر خان کی زیر نگرانی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
آپریشن میں ایس پی سٹی ڈویژن مہر سعید احمد سیال، ڈی ایس پی دہلی گیٹ کبیر خان اور ایس ایچ او تھانہ لوہاری گیٹ راؤ علی حسن سمیت دیگر افسران ٹیم کا حصہ تھے۔ پولیس کی خصوصی ٹیموں نے علاقے میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے حملہ آوروں کو ٹریس کیا اور 08 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا۔
دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعہ میں ملوث ہر فرد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں پر حملہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کے مترادف ہے ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے پولیس ٹیم کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کی بھی تعریف کی۔