باغات پر ٹیکسوں کا منصوبہ، مینگو گروورز بڑے احتجاج کیلئے تیار

“مینگوگرورز کوآپریٹو سوسائٹی ملتان کا اجلاس: زراعت اور باغبانی کے مسائل پر گفتگو”

ملتان ( خصوصی رپورٹر)مینگوگرورز کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ ملتان کی ایگزیکٹو کمیٹی( انتظامی کمیٹی) کا اجلاس سوسائٹی کے نئے منتخب صدر سید زاہد علی بخاری کی صدارت میں سوسائٹی کے دفتر میں منعقد ہوا۔ جس میں منتخب اراکین کے علاوہ سابقہ جنرل سیکرٹری ناصر عباس جعفری بھی شریک ہوئے اور اراکین کو مینگوگرورز کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ کے آئین اور اغراض و مقاصد سے تفصیل سے آگاہ کیا۔
صدارتی خطاب کرتے ہوئے سید زاہد علی بخاری نے زراعت اور بالاخصوص آم کے باغبانوں کے مسائل کا تذکرہ کیا۔ جس کی وجہ سے پہلے بھی مینگو سٹی اور پاکستان سے کثیر تعداد میں باغات کا صفایا ہوا ہے۔نئے حکومتی منصوبے جس میں باغات پر ٹیکسوں میں اضافہ ۔
باغات کے آبیانے میں اضافہ سے مشکلات بڑھیں گی۔ ضرورت یہ ہے کہ باغبانوں کے حقیقی مسائل سے حکومتی سطح کی آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے اب باغبانی بتدریج منافع بخش کاروبارکی کشش ختم ہورہی ہے۔باغات اور زراعت کے مداخل دنیا کے دیگر ممالک سے مہنگے اور ملاوٹ شدہ ہیں۔
پانی کے لیے نہروں کی بے جاوارہ بندی کے ساتھ سولر ٹیوب ویل پر غیر ضروری ٹیکس لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے مسائل سے مکمل آگاہی کے بعد آئی ایم ایف اور دیگر عالمی قرض دینے والے فورم کے مطالبوں پر غور کیا جائے ورنہ باغبان گندم کے کاشتکاروں کی طرح رل جائیں گے۔
اجلاس میں مینگوگرورز کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ کے سرپرست اعلیٰ سید زاہد حسین گردیزی نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں سید خضر عباس بخاری۔ سید میجر حسن عسکری گردیزی۔ مہر مقبول جانگلہ۔ حامد سرگانہ۔ ملک وقار احمد اعوان۔ شعیب لنگاہ۔ حسیب خان سدوزئی۔ ملک فیض رسول اعوان۔ سید علی نور گردیزی۔ سید زین گردیزی اور انصر جمال شریک ہوئے۔
اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بیرونی دبائو پر باغبانوں پر ٹیکس لگانے کے بجائے پالیسیاں درست کی جائیں ورنہ مینگو گروورز ایسوسی ایشن سائوتھ پنجاب اور سندھ میں تحریک چلائے گی اس سلسلے میں رابطے شروع کردئیے گئے ہیں۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں