جامعہ زکریا میں انتظامی بحران: سٹینو گروپ کی غیر قانونی قابضیت اور وائس چانسلر کی مشکلات
ملتان ( خصوصی رپورٹر) ڈپٹی رجسٹرار کی ریٹائرمنٹ کے بعد رجسٹرار آفس میں انتظامی بحران ، جامعہ زکریا میں انتظامی امور غیر قانونی طور پر سٹینو گروپ کے حوالے ،کنٹرولر آفس میں تعینات ڈپٹی رجسٹرار کے ٹریثرار آفس تبادلے پر ٹریثرار کا جوائننگ دینے سے انکار ،وائس چانسلر اور خزانہ دار آفس آمنے سامنے آگئے ۔
وائس چانسلر کو کاریگروں کے مشورے رسوائی کا باعث بننے لگے ۔تفصیل کے مطابق جامعہ زکریا میں رجسٹرار آفس کے ماتحت 2 ڈپٹی رجسٹرار کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد اہم ترین انتظامی برانچوں جن میں اکیڈ برانچ ،جنرل برانچ ،لیگل برانچ ، اسٹیٹ برانچ ،رجسٹریشن برانچ ،ایڈمن ون اور ایڈمن ٹو برانچیں شامل ہیں۔
پر اسٹینو گروپ جن میں عہدے کے لحاظ سے پرنسپل سٹاف آفیسر محی الدین ، اسٹینو حاجی احمد ،عارف بھٹہ خلاف قانون قابض ہوچکا ہے جس کے باعث افسران گروپ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ جامعہ کے تدریسی اور انتظامی حلقوں کی جانب سے اس امر کی نشاندہی پر وائس چانسلر زبیر اقبال غوری نے مذکورہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایڈمن برانچ میں تعیناتی کی غرض سے ڈپٹی ٹریثرار طاہر ماڑہ کا تبادلہ رجسٹرا ر آفس ۔
جبکہ کنٹرولر آفس سے ڈپٹی کنٹرولر محمد شعیب کا تبادلہ ٹریثرار آفس کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا تو ایڈیشنل خزانہ دار صفدر عباس لنگاہ نے انھیں جوائننگ دینے سے انکار کرتے ہوئے ماضی میں محمد شعیب کو کمپنی چلانے کی پاداش میں خزانہ دار آفس سے تبدیل کئے جانے کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
اور ان کی اس حوالے سے اچھی شہر ت نہ ہونے پر انھیں خزانہ دار آفس میں نہ لگانے کا مطالبہ کیا لیکن وائس چانسلر نے تبادلے کے احکامات واپس لینے سے صاف انکار کردیا ،جس پر خزانہ دار صفدر عباس لنگاہ نے محمد شعیب کی جوائننگ لینے کی بجائے سیٹ چھوڑ کر چلے گئے۔
جس پر محمد شعیب 2 گھنٹے انتظار کے بعد رجسٹرار آفس پہنچے اور انھیں صورتحال سے آگاہ کیا ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ بدانتظامی کے باعث جامعہ کے سنجیدہ تدریسی وانتظامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔
اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک مخصوص لابی وائس چانسلر کو غلط مشورے دے کر ان کی رسوائی کا باعث بن رہی ہے حالانکہ جامعہ میں سینئر ایڈیشنل رجسٹرار موجود ہے لیکن انھیں چارج دینے کی بجائے غیر قانونی طور پر اہم برانچیں اسٹینوز کے سپرد کردی گئی ہیں جس سے آئے روز انتظامی بحران جنم لےرہے ہیں ۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں