عدم توجہی کے باعث باغات بے ثمر،جامعہ زکریالاکھوں کی آمدن سے محروم

جامعہ زکریا کے سرکاری باغات کی بدحالی، کروڑوں کی آمدنی خطرے میں

ملتان ( خصوصی رپورٹر) جامعہ زکریا کے شعبہ آر بوری کلچر کی عدم توجہی کے باعث 17 ایکڑ سے زائد رقبہ پر آم اور کینو کے باغات کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے سے درخت بے ثمر ہوکر رہ گئے ،قیمتی باغ بے ثمر ہونے کے باعث خواہشمند پارٹیوں کی پھل خریداری میں عدم دلچسپی کے باعث نیلامی نہ ہونے سے جامعہ زکریا 50 لاکھ روپے کی آمد ن سے محروم ہوکر رہ گئی۔
،تفصیل کے مطابق جامعہ زکریا میں فارم مینجمنٹ کمیٹی اور شعبہ آربوری کلچر کی عدم توجہی کے باعث 17 ایکڑ رقبہ پر لگائے گئے آم اور کینو کے باغ کی نیلامی نہ ہونے سے جامعہ زکریا کو اس مد میں ہونے والی 50 لاکھ روپے کی آمدنی سے محروم ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔
اس ضمن میں شعبہ اسٹیٹ کی جانب سے سرکاری باغ کی نیلامی کیلئے دو مرتبہ اشتہار جاری کیا گیا لیکن مذکورہ باغات کا پھل ٹھیکے پر حاصل کرنے والی پارٹیوں نے جب باغات کا معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ باغ کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے سے پودے بے ثمر ہوچکے ہیں کیونکہ شعبہ آر بوری کلچر کی جانب سے باغ کی مناسب گوڈی اور پانی نہ لگانے کے باعث مختلف ورائٹیوں کے شاندار درخت سنگلاخ ہوچکے ہیں جبکہ آم اور کینو کے بیشتر تیار درخت بھی سوکھ چکے ہیں۔
،اسی طرح پھلدار درختوں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے اور بروقت آبپاشی نہ ہونے سے لگنے والے پھل بھی کیرے کا شکار ہوکر ضائع ہورہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جامعہ زکریا کے سرکاری باغ کی مذکورہ بدحالی کے باعث خواہشمند پارٹیوں نے عدم دلچسپی کا اظہا ر کرتے ہوئے دو مرتبہ بولی میں شرکت ہی نہیں کی۔
جس کے باعث شعبہ اسٹیٹ کی جانب سے پھل کی نیلامی کیلئے تیسری مرتبہ اشتہار جاری کیا جاچکا ہے شعبہ اسٹیٹ کی جانب سے ماضی میں مذکورہ باغات کا پھل 3 سال کیلئے 40 لاکھ روپے سے زائد میں نیلام کیا گیا تھا مگر رواں سال بے ثمر درختوں کے باعث اسے کوئی لینے کو بھی تیار نہیں ہے ۔
جس کے باعث یونیورسٹی کو اس مد میں نقصان کاسامنا ہے اس ضمن میں جامعہ کیلئے درد دل رکھنے والے حلقوں نے وائس چانسلر سے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
اس ضمن میں ڈائریکٹر اسٹیٹ نے موقف اختیار کیا ہے کہ وائس چانسلر نے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے آرچرڈ کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو باغات کی بحالی کیلئے جلد ہی اپنی سفارشات مرتب کریں گی انھوں نے مزید کہا کہ باغات کی نیلامی کیلئے 21 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جس کا اشتہار جاری کیا جاچکا ہے ۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں