پی ایچ اے ملتان کرپشن اسکینڈل: 5 کروڑ کی بوگس ادائیگیاں بے نقاب
ملتان ( خصوصی رپورٹر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے کاریگر ڈائریکٹر قائمقام ڈی جی کو شیشے میں اتارنے میں کامیاب ،ڈائریکٹر انجینئرنگ عدنان بٹ اور ڈائریکٹر ہارٹیکلچر سعد قریشی نے ٹھیکداروں کو 5 کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیوں کیلئے ملک کریم بخش کو مبینہ طور پر رام کرلیا ، 5 فیصد کمیشن کھرا کرنے کیلئے ڈائریکٹر ایڈمن و فنانس کا چارج بھی ڈائریکٹر انجینئرنگ عدنان بٹ کے حوالے کردیا گیا۔
، ماضی میں پی ایچ اے کی ہریالی کے دشمن دونوں ڈائریکٹر ز ایڈوانس کاموں کے نام پر بوگس ادائیگیاں کرنے کیلئے سرگرم ہوگئے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ پارکو ں اور گرین بیلٹس کی بحالی کے نام پر ماضی میں کئے گئے ۔
مبینہ بوگس کاموں کی ادائیگیوں کیلئے پی ایچ اے کے دو ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹرز نے آپس میں صلح کرتے ہوئے پی ایچ اے میں قائمقام بنیادوں پر تعینات ہونے والے ڈی جی ملک کریم بخش کو شیشے میں اتارتے ہوئے رام کرلیا ہے ۔
تاکہ ٹھیکداروں کو ایڈوانس کاموں کے سلسلہ میں 5 کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیاں کرکے اپنا کمیشن کھرا کیا جاسکے ،اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے پی ایچ اے میں کاریگر کے نام سے مشہور ڈائریکٹر انجینئرنگ عدنان بٹ نے اس سلسلہ میں ڈی جی پی ایچ اے کی خصوصی خوشنودی سے ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس کا چارج بھی سنبھال رکھا ہے۔
تاکہ انھیں بوگس ادائیگیوں میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑ سکے ۔واضع رہے کہ پی ایچ اے میں ٹھیکداروں کی 7 کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیاں التواء کا شکار ہیں جس کیلئے ڈائریکٹر انجینئرنگ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی تھی تاہم ادائیگیوں کے حوالے سے شعبہ ایڈمن اینڈ فنانس رکاوٹ کا باعث بن رہا تھا۔
،جس پر عدنان بٹ کو شعبہ ایڈمن اینڈ فنانس کا اضافی چارج بھی تفویض کردیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کمیٹی کی جانب سے ٹھیکداروں کو بلوں کی ادائیگیوں کیلئے کمیشن کی شرح 2 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کرنے پر راضی کیا گیا ہے جس سے پی ایچ اے کے خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے۔
اس ضمن میں عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلی پنجاب اور کمشنر ملتان ڈویثرن سے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔تاہم دوسری جانب ترجمان پی ایچ اے نے اس حوالے سے موقف اختیار کیا ہے کہ ٹھیکداروں کو بلوں کی ادائیگیوں کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
جس کے کنونیئر ڈائریکٹر انجینئرنگ ہیں جو مکمل چھان بین کے بعد ٹھیکداروں کو ادائیگیوں کی منظوری دے گی اس حوالےسے ڈی جی پی ایچ اے نے ادائیگیوں کے حوالے سے شفاف طریقہ کار اپنانے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں